Resources Word

The Seventh Seal Coming Of Jesus Christ Part One

ساتویں مہر مسیح کی آمد

حصہ اول

📖 مکاشفہ 8:1

جب اُس نے ساتوِیں مُہر کھولی تو آدھ گھنٹے کے قرِیب آسمان میں خاموشی رہی۔

تعارف
مکاشفہ 8:1 ہمیں ایک ایسے روحانی مقام پر لے جاتا ہے جہاں وقت تھم سا جاتا ہے — "آسمان میں قریب آدھے گھنٹے تک خاموشی رہی۔" یہ محض خاموشی نہیں بلکہ ایک عظیم راز کا پردہ ہے۔ بھائی برینہم نے اس آیت کی گہرائی میں جاتے ہوئے فرمایا کہ ساتویں مہر پوری بائبل کا سب سے بڑا، سب سے مقدس اور سب سے زیادہ خفیہ حصہ ہے، جسے نہ کسی نبی نے مکمل طور پر سمجھا، نہ کسی فرشتے کو اس کی تفصیل دی گئی۔
یہ مہر دراصل یسوع مسیح کی دوسری خفیہ آمد، دلہن کی تیاری، اور خدا کے آخری منصوبے سے جُڑی ہوئی ہے۔ اس مضمون میں ہم بھائی برینہم کی روشنی میں ساتویں مہر کے ان پہلوؤں کو سمجھنے کی کوشش کریں گے جو خدا نے صرف اپنے خاص لوگوں پر روح القدس کے ذریعے ظاہر کرنے کا وعدہ کیا ہے۔


ساتویں مہر پر بھائی برینہم کی تعلیمات بہت اہم اور انکشافات سے بھری ہوئی ہیں۔ انہوں نے 24 مارچ 1963 کو اس موضوع پر ایک پیغام دیا جس کا عنوان تھا: ’’ساتویں مہر‘‘۔
یہ مہر باقی چھ مہروں سے مختلف ہے، کیونکہ یہ مکمل طور پر خاموشی سے کھولی گئی تھی۔ مہر پر بھائی برینہم کے مطابق، یہ مہر بند مکاشفہ ایک بجلی کی تیز رفتار وحی ہے جو دل میں ظاہر ہوتی ہے، اور روح القدس کے ذریعے پوری طرح سمجھی جا سکتی ہے۔ اقتباس از بھائی برینہم
"یہ کوئی ایسی چیز نہیں جو آپ ذہنی سمجھ بوجھ سے سیکھیں۔ یہ مکاشفہ ایک ایسی چیز ہے جو دل میں بجلی کی مانند چمکتی ہے۔ یہ روح القدس کے ذریعے ظاہر ہوتی ہے۔ آپ اسے کسی سیمنری (دینی مدرسہ) میں نہیں سیکھ سکتے۔ آپ اسے صرف اسی وقت حاصل کر سکتے ہیں جب خدا خود اپنے کلام کو کھول کر آپ پر ظاہر کرتا ہے۔
(William Branham – The Revelation of the Seven Seals, March 1963)

یہ مہر ایک مکمل بھیدہے

بھائی برینہم کے الفاظ میں 🔹
"جب ساتویں مہر کھلی تو آسمان پر خاموشی چھا گئی۔ کیوں؟ کیوں کہ اس کے اندر کیا تھا، خدا کے سوا کوئی نہیں جانتا۔ یہ وہ بھیدتھا جو خدا نے شروع سے ہی اپنے دل میں رکھا تھا۔"
ساتویں مہر، 24 مارچ 1963

یہ مہر "مسیح کی آمد" سے مربوط ہے:🔹

بھائی برینہم کے مطابق، ساتویں مہر مسیح کی دوسری آمد کا بھیدرکھتی ہے، لیکن یہ آمد ظاہری نہیں ہے۔۔
یہ پوشیدہ آمد ہے اور یہ بھید صرف دلہن پر ہی منکشف کیا جائے گا۔
یہ ظاہری نہیں بلکہ باطنی مکاشفہ ہے۔

فرشتوں کو بھی یہ راز معلوم نہ تھا 🔹

نہ جبرائیل کو معلوم تھا۔
نہ ہی یوحنا
اور نہ ہی کوئی اور نبی جانتا تھا
صرف یسوع مسیح جانتے تھے، کیونکہ یہ "اس کی آمد کا راز" ہے۔

خدا کے دل کا را ز (God’s heart secret) 🔹

ساتویں مہر خدا کے دل کا راز ہے جو دنیا کی بنیاد سے پہلے اس کے دل میں چھپا ہوا تھا۔
یہ وہ راز ہے جسے "سات گرجوں" نے مختصراً بیان کیا، لیکن وہ "غیر تحریری" بھی تھے۔
"یہ اتنا بڑا معمہ تھا کہ آسمان بھی اسے بیان نہیں کر سکتا۔ یہ خاموشی تھی!"

اس راز کا تعلق کن باتوں سے ہے؟ 🔹

دلہن کی رخصتی کا وقت (کلیسیااٹھایاجانا )
مسیح کی دوسری آمد کا طریقہ
٘مخالف مسیح کے فریب کی نشاندہی
آخری کلیسیا کی تیاری
سات گرجوں کی آوازیں (جو الفاظ نہیں بلکہ طاقت کا اظہار تھے)

یہ مہر "کسی انسان کے سیکھانے سے نہیں" بلکہ مکاشفہ سے کھلی ہے 🔹
یہ مہر کسی کتاب سے نہیں کھولی جائے گی، بلکہ صرف روح القدس اسے دلہن پر ظاہر کرے گا۔

خلاصہ 🔹
ساتویں مہر ایک گہرا اور مکمل بھید ہے جسے صرف ظاہری علم سے نہیں سمجھا جا سکتا۔ یہ بھید اُس وقت کھلتا ہے جب دل کی حالت درست ہو اور روحانی تیاری موجود ہو۔ یہ مہر ظاہری شور کے بجائے باطنی خاموشی اور مکاشفہ سے تعلق رکھتی ہے۔ جب یہ کھلتی ہے تو دل کی آنکھیں روشن ہو جاتی ہیں، تاکہ دلہن مسیح کو صحیح طور پر پہچان سکے، اُس کی آواز کو سنے، اور اُس کی آمد کے لیے پوری طرح تیار ہو جائے۔

آدھے گھنٹے کی خاموشی کا کیا مطلب ہے

آدھے گھنٹے کی خاموشی کی اہمیت

مکاشفہ 8:1 میں بیان کردہ "آدھے گھنٹے کی خاموشی" کا کیا مطلب ہے، اور بھائی برینہم نے اسے کیسے دیکھا؟
مکاشفہ 8:1
جب اُس نے ساتوِیں مُہر کھولی تو آدھ گھنٹے کے قرِیب آسمان میں خاموشی رہی۔

بھائی برینہم کے مطابق ساتویں مہر اور آدھے گھنٹے کی خاموشی 🔹
بھائی برینہم بیان کرتے ہیں کہ جب ساتویں مہر کھلی تو آسمان پر تقریباً آدھے گھنٹے تک خاموشی چھا گئی۔ یہ خاموشی اس لیے تھی کہ ایک ایسا عظیم بھید ظاہر ہو رہا تھا جو پہلے کبھی مکمل طور پر منکشف نہیں ہوا تھا۔ آسمان، فرشتے اور تمام مخلوق گویا الٰہی تعظیم میں ساکت ہو گئے۔

خاموشی اور خدائی حضوری 🔹
حبقوق 2:20 میں لکھا ہے: “خداوند اپنے مقدس ہیکل میں ہے؛ تمام زمین اُس کے حضور خاموش رہے۔”
صفنیاہ 1:7 میں ہے: “خداوند کے حضور خاموش رہ کیونکہ خداوند کا دن قریب ہے۔”
زکریاہ 2:13 بھی کہتا ہے: “اَے سب بشر، خداوند کے حضور خاموش رہ کیونکہ وہ اپنے مقدس مسکن سے اُٹھا ہے۔”

خاموشی کی روحانی تصویر🔹
یہ خاموشی خدائی تقدس اور عظمت کی علامت ہے۔ جب خدا کوئی بڑا راز ظاہر کرتا ہے تو شور نہیں بلکہ گہری خاموشی ہوتی ہے۔ یہ کسی ظاہری واقعہ کا اعلان نہیں بلکہ ایک اندرونی مکاشفہ کا لمحہ ہے۔ یہ خوف کی نہیں بلکہ تقدس اور احترام کی خاموشی ہے—جیسے مقدس حضوری میں انسان خود بخود خاموش ہو جاتا ہے۔

ایک فطری مثال کے ذریعے وضاحت 🔹
اس خاموشی کو ایک پاکیزہ فطری مثال سے سمجھا جا سکتا ہے: جیسے ایک عورت کی زندگی میں ماہانہ ترتیب ایک خاص مرحلے پر رُک جاتی ہے جب وہ ماں بننے کے عمل میں داخل ہوتی ہے۔ وہ ظاہری چکر ختم ہو جاتا ہے کیونکہ ایک نئی زندگی کی تشکیل شروع ہو چکی ہوتی ہے۔ یہ رُکنا موت نہیں بلکہ ایک نئے آغاز کی علامت ہے۔ اسی طرح آدھے گھنٹے کی خاموشی کسی خاتمے کی نہیں بلکہ ایک نئی روحانی پیدائش اور مسیح کی خفیہ آمد کے قریب ہونے کی علامت ہے۔

ایک اور گہری تمثیل 🔹
جیسے دلہن خلوت خانہ میں اپنے دلہا کے ساتھ خاموشی اور پوشیدگی کی حالت میں نئی زندگی کے لیے بیج قبول کرتی ہے، ویسے ہی یہ خاموشی خدا اور اُس کی دلہن کے درمیان ایک مقدس اور پوشیدہ رفاقت کی علامت ہے۔ یہ کوئی عوامی اعلان نہیں بلکہ ایک ذاتی، گہرا اور محبت بھرا لمحہ ہے جہاں نئی روحانی زندگی اور وعدے کی تکمیل جنم لیتی ہے۔
متی 6:6 میں یسوع فرماتا ہے: “تو جب دعا کرے تو اپنی کوٹھری میں جا اور دروازہ بند کر کے اپنے باپ سے دعا کر۔”
غزل الغزلات 2:10-13 میں محبوب اور دلہن کے درمیان پوشیدہ محبت کی تصویر ملتی ہے۔ اسی طرح دلہن خلوت خانہ میں اپنے دلہا سے خاموش اور پوشیدہ رفاقت میں نئی زندگی کا بیج قبول کرتی ہے۔ یہ عوامی منظر نہیں بلکہ مقدس اور نجی تعلق ہے۔

روح القدس اور خاموش سایہ 🔹
اسی طرح ایک روحانی مثال ہمیں مریم کے واقعہ میں ملتی ہے۔ جب روح القدس نے مریم پر سایہ کیا تو کوئی شور، گرج یا ظاہری ہلچل نہ تھی؛ سب کچھ خاموشی میں ہوا۔ اس مقدس لمحے میں ایک نئی زندگی کا آغاز ہوا—کلام جسم بنا—مگر یہ سب خاموشی میں انجام پایا۔ یہ خاموشی تخلیقی قدرت کی علامت تھی۔ اسی طرح ساتویں مہر کی خاموشی بھی ایک روحانی پیدائش اور مسیح کی خفیہ آمد سے جڑی ہوئی سمجھی جاتی ہے۔
لوقا 1:35 میں فرشتہ کہتا ہے: “اور فرِشتہ نے جواب میں اُس سے کہا کہ رُوحُ القُدس تُجھ پر نازِل ہوگا اور خُدا تعالٰے کی قُدرت تُجھ پر سایہ ڈالے گی اور اِس سبب سے وہ مَولُودِ مُقدّس خُدا کا بَیٹا کہلائے گا۔”

یہ واقعہ خاموشی میں ہوا، مگر نتیجہ کلام کے مجسم ہونے کی صورت میں ظاہر ہوا۔
اسی طرح پیدائش 1:2 میں “خدا کی روح پانیوں کی سطح پر جنبش کرتی تھی” — تخلیق سے پہلے ایک خاموش تیاری کا مرحلہ تھا۔

دل کی حالت کا امتحان 🔹
ساتویں مہر میں نہ آواز ہے نہ ہنگامہ—بلکہ خدا اور اُس کی دلہن کے درمیان ایک گہرا، محبت بھرا راز ہے۔ اس کو سمجھنے کے لیے شور نہیں بلکہ پاکیزہ دل، خاموش دعا اور روحانی حساسیت درکار ہے۔ یہ خاموشی دلوں کو پرکھتی ہے کہ کون واقعی سننے والا ہے۔
1-سلاطین 19باب11-12 میں ایلیاہ نے خدا کو آندھی، زلزلے یا آگ میں نہیں بلکہ “ہلکی سی سرسراہٹ” میں سنا۔
متی 25:6 میں آدھی رات کو پکار سنائی دی: “دیکھو دلہا آ رہا ہے!” — مگر صرف تیار دلہنیں جاگ رہی تھیں۔
یوحنا 10:27 میں یسوع فرماتا ہے: “میری بھیڑیں میری آواز سنتی ہیں۔”
یہ سب ظاہر کرتے ہیں کہ خدا کی اصل آواز شور میں نہیں بلکہ روحانی حساسیت میں پہچانی جاتی ہے۔

آدھا گھنٹہ — ایک روحانی وقفہ 🔹
“آدھا گھنٹہ” ایک ایسا وقفہ ہے جہاں خدا عام آوازوں کو روک کر خاص لوگوں سے بات کرتا ہے۔ یہ ایک مقدس توقف ہے، جیسے کسی عظیم کام سے پہلے کائنات ایک لمحہ کے لیے تھم جائے۔ یہ خاموشی خوف یا الجھن کی نہیں بلکہ تقدس کی علامت ہے۔
جب کوئی شخص مقدس جگہ میں داخل ہوتا ہے تو وہ خود بخود سنجیدہ اور خاموش ہو جاتا ہے، ایک گہرا سانس لیتا ہے، کیونکہ وہ محسوس کرتا ہے کہ وہ کسی عظیم حضوری کے قریب ہے۔ اسی طرح ساتویں مہر کی خاموشی اس بات کی علامت ہے کہ کچھ ایسا ظاہر ہونے والا ہے جو انسانی سمجھ سے بلند ہے۔ یہ گھبراہٹ کی خاموشی نہیں بلکہ الٰہی تعظیم کی خاموشی ہے۔

یہ خاموشی “دل کی حالت” کو جانچتی ہے۔🔹
ساتویں مہر میں نہ شور ہے، نہ گرج، نہ کوئی نمایاں آواز—بلکہ خدا اور اُس کی دلہن کے درمیان ایک گہرا، خاموش اور محبت بھرا راز ہے۔ اسے صرف وہی سمجھ سکتے ہیں جو اندرونی طور پر تیار ہوں۔ دلہن اس مہر کو روحانی خلوص، عاجزی اور خاموش دعا کے ذریعے سمجھتی ہے، نہ کہ بحث، منطق یا ظاہری علم کے ذریعے۔ یہ ایک اندرونی مکاشفہ ہے جو صرف سننے والے دل کو دیا جاتا ہے۔

آدھا گھنٹہ 🔹
وقت کا امتحان بھی ہو سکتا ہے۔ بھائی برینہم کے مطابق یہ “آدھا گھنٹہ” لفظی بھی ہو سکتا ہے اور روحانی علامت بھی۔ یہ ایک ایسا مقدس وقفہ ہے جب خدا اپنی آواز کو عام ہجوم سے چھپا لیتا ہے، تاکہ وہ اُن سے ہمکلام ہو جو واقعی سننے کو تیار ہیں۔ یہ انتظار کا وقت بھی ہے، تیاری کا وقت بھی، اور دلوں کی چھان بین کا وقت بھی—تاکہ ظاہر ہو جائے کہ کون خاموشی میں خدا کی آواز سن سکتا ہے اور کون صرف شور کا عادی ہے

🔹نتیجہ
آدھے گھنٹے کی خاموشی خدا کے سب سے بڑے راز کے انکشاف، روحانی تیاری اور مسیح کی خفیہ آمد کا پیش خیمہ ہے۔ جیسے روح القدس نے خاموشی میں نئی زندگی ظاہر کی، ویسے ہی اس خاموشی میں دلہن کے لیے ایک گہرا مکاشفہ پیدا ہوتا ہے۔ اسے وہی سمجھ سکتے ہیں جو روحانی طور پر بیدار، عاجز اور دل سے جڑے ہوئے ہوں۔

عدالت سے پہلے کی خاموشی
(Silence Before Judgment)

چھٹی مہر (مکاشفہ 6:12-17) میں ہم خدا کی عدالت کی ہولناک شروعات دیکھتے ہیں۔ زمین پر بڑا زلزلہ آتا ہے، سورج سیاہ ہو جاتا ہے، چاند خون کی مانند دکھائی دیتا ہے اور آسمان لپیٹے ہوئے طومار کی طرح ہٹ جاتا ہے۔ لوگ خوف سے پہاڑوں اور چٹانوں میں چھپنے لگتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہم پر گر پڑو، کیونکہ برّہ کے غضب کا بڑا دن آ پہنچا ہے۔ یہ منظر ظاہر کرتا ہے کہ انسان کی خود مختار حکومت اپنے انجام کو پہنچ رہی ہے اور خدا کا انصاف کھل کر ظاہر ہونے والا ہے۔

لیکن جب ساتویں مہر (مکاشفہ 8:1) کھلتی ہے تو حیرت انگیز طور پر شور، زلزلہ یا گرج کے بجائے آسمان پر آدھے گھنٹے کے قریب خاموشی چھا جاتی ہے۔ بھائی برینہم کے مطابق یہ خاموشی دراصل عدالت سے پہلے کا نہایت سنجیدہ اور مقدس لمحہ ہے۔ جیسے زمینی عدالت میں جج فیصلہ سنانے سے پہلے پورا کمرہ خاموش ہو جاتا ہے، ویسے ہی یہاں بھی کائنات ایک مقدس سکوت میں داخل ہو جاتی ہے کیونکہ ایک حتمی فیصلہ صادر ہونے والا ہے۔

وہ سمجھاتے ہیں کہ جب خدا خاموش ہوتا ہے تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ کوئی عظیم کام ہونے والا ہے—یا تو رحم کا دروازہ کھلنے والا ہے یا پھر عدالت مکمل طور پر نافذ ہونے والی ہے۔ یہ خاموشی خوف کی نہیں بلکہ تقدس کی ہے۔ جیسے کسی بڑے طوفان سے پہلے اچانک ہوا رک جاتی ہے اور فضا غیر معمولی طور پر ساکت ہو جاتی ہے، ویسے ہی یہ آدھا گھنٹہ بھی ایک الٰہی توقف ہے۔ سب کچھ جیسے تھم گیا ہو کیونکہ وقت اپنی تکمیل کے قریب ہے۔

اس خاموشی کو رحم کے دروازے کے بند ہونے کے امکان سے بھی جوڑا جاتا ہے۔ دلہن کو رخصت کیا جاتا ہے، اور پھر زمین پر عدالت اپنے پورے اظہار کے ساتھ نازل ہوتی ہے۔ یوں آدھے گھنٹے کی خاموشی عدالت سے پہلے کا مقدس سکوت، ایک روحانی توقف، اور خدا کے منصوبے کے اگلے مرحلے کا سنجیدہ اعلان ہے۔

سات گرجوں سے پہلے کی خاموشی

مکاشفہ 10باب 3-4 🟦

اور اَیسی بڑی آواز سے چِلّایا جَیسے ببر دھاڑتا ہے اور جب وہ چِلّایا تو گرج کی سات آوازیں سُنائی دِیں۔
اور جب گرج کی سات آوازیں سُنائی دے چُکِیں تو مَیں نے لِکھنے کا اِرادہ کِیا اور آسمان پر سے یہ آواز آتی سُنی کہ جو باتیں گرج کی اِن سات آوازوں سے سُنی ہیں اُن کو پوشِیدہ رکھ اور تحرِیر نہ کر۔
بھائی برینہم کے مطابق ساتویں مہریں اور سات گرجوں کا گہرا تعلق ہے۔
جب ساتویں مہر کھلی، آسمان میں "خاموشی" ہوئی — اور اسی خاموشی میں سات گرجوں کی آوازیں سنی گئیں… مگر لکھنے کی اجازت نہ ملی۔
تشریح
یہ خاموشی سات گرجوں کی ظاہری عدم موجودگی کی علامت ہے۔
خدا نے ان کی آوازیں صرف دلہن کے لیے محفوظ کیں — دنیا کے لیے نہیں۔
"سات گرجوں وہی ہیں جو دلہن کو مکمل کلام فراہم کریں گے، اور وہ ساتویں مہر میں پوشیدہ ہیں۔" – Brother Branham
تشبیہ🔹

جیسے کوئی خفیہ پیغام صرف محبوب کے لیے ہوتا ہے،
ویسے ہی یہ گرجیں بھی دلہن کے کانوں کے لیے مخصوص ہیں، اور وہ خاموشی میں ظاہر ہوتے ہیں، شور میں نہیں۔
نتیجہ🔹

ساتویں مہر = خاموشی
خاموشی = سات گرجوں سے پہلے کا خفیہ لمحہ
سات گرجوں = دلہن کے لیے کلام کا مکمل مکاشفہ
یہ خاموشی خالی نہیں، بلکہ سات گرجوں کی موجودگی سے بھری ہوئی ہے – لیکن صرف اُن کے لیے جن کے کان سننے کے لیے تیار ہیں۔

روحانی خاموشی – دلہن کے دل میں

بھائی برینہم کے مطابق 🔹

آدھے گھنٹے کی خاموشی صرف آسمان میں نہیں، بلکہ دلہن کے دل میں بھی ہونی چاہیے۔
یہ وقت ہے کہ دلہن ہر طرح کے دنیاوی شور سے الگ ہو کر روحانی خاموشی میں داخل ہو جائے۔
"جب خدا بات کرنا چاہتا ہے، تو وہ خاموشی میں آتا ہے۔ شور میں نہیں، ہجوم میں نہیں… بلکہ دل کے سکون میں۔" – Brother Branham
خاموشی کی روحانی حالت 🔹

دنیا گناہ، سیاست، خبروں، افواہوں، اور مذہبی شور میں الجھی ہے۔
لیکن دلہن کو چاہیے کہ وہ خدا کی نرمی بھری آواز سننے کے لیے "خاموشی" میں چلی جائے۔
زبور 46:10
خاموش ہو جاؤ اور جان لو کہ میں خُدا ہوں ۔ میَں قوموں کے دِرمیان سر بلنَد ہونگا۔
تشبیہ 🔹

جیسے ایلیاہ نبی نے خدا کو نہ آندھی میں پایا، نہ زلزلے میں، بلکہ ہلکی سی نرم آواز میں (1 سلاطین 19:12)۔
ویسے ہی دلہن بھی خدا کی "ساتویں مہر" والی آواز خاموشی میں سنے گی۔
نتیجہ:🔹

آدھے گھنٹے کی خاموشی = دلہن کے دل میں روحانی سنجیدگی
دلہن دنیا کے شور سے نکل کر تنہائی، دعا، اور دل کی حالت میں داخل ہوتی ہے۔
یہی خاموشی اُس کے لیے رخصتی کی تیاری بن جاتی ہے۔

نبی کے مکاشفہ سے پہلے آسمانی خاموشی

پس منظر 🟦

مارچ 1963 میں، بھائی برینہم کو خدا نے Arizona (Sabino Canyon) میں بلایا۔
انہوں نے گواہی دی کہ سات فرشتے ایک زبردست بادل میں V-شکل میں نازل ہوئے۔
یہ وہ لمحہ تھا جب سات مہریں کھلنے جا رہی تھیں، مگر اُن سب سے پہلے ایک غیرمعمولی خاموشی تھی۔ یہ خاموشی عام سکوت نہیں بلکہ فطرت پر چھائی ہوئی ایک گہری سنجیدگی تھی۔ بھائی برینہم بیان کرتے ہیں کہ جب وہ وہاں گئے تو قدرتی ماحول بھی غیر معمولی حد تک خاموش تھا—نہ ہوا کی آواز، نہ پرندوں کی چہچہاہٹ—گویا ہر چیز ایک الہی خاموشی میں ڈوبی ہوئی تھی۔ وہ کہتے ہیں، “میں جان گیا کہ کچھ ہونے والا ہے، لیکن مجھے کچھ سنائی نہیں دے رہا تھا۔ یہ خدا کا مقدس سکوت تھا۔” یہ خاموشی اس بات کی علامت تھی کہ خدا کی حضوری میں ایک عظیم بھید ظاہر ہونے والا ہے۔
سات فرشتوں کا نزول 🔹

اس خاموشی کے فوراً بعد، آسمان میں ایک عظیم زوردار آواز ہوئی، اور سات فرشتے ظاہر ہوئے۔
انہوں نے نبی کو بتایا کہ سات مہریں کھلنے والی ہیں اور اُن کا پیغام دنیا تک پہنچانا ہے۔
یہی وہ سات فرشتے تھے جو سات مہریں لائے — مگر اُن کی آمد سے پہلے آسمان بھی خاموش تھا، اور زمین بھی۔
روحانی نکتہ 🔹

یہ خاموشی اس بات کی علامت تھی کہ
کچھ ایسا ظاہر ہونے والا ہے جو زمین پر پہلے کبھی نہ ہوا۔
خدا نے پہلے مکمل سکوت اختیار کیا، تاکہ مکاشفہ کی سنجیدگی ظاہر ہو۔
یہ سکوت نبی کے بلائے جانے، مکاشفہ کے اترنے، اور دلوں کی تیاری کا وقت تھا۔
تشبیہ 🔹

جیسے بادشاہ اپنی عدالت میں کسی خاص راز کو ظاہر کرنے سے پہلے ہر طرف خاموشی کرواتا ہے
ویسے ہی خدا نے آسمان میں خاموشی قائم کی تاکہ اپنے نبی کو بھیدسنائے۔

شادی سے پہلے کا مقدس لمحہ

یہ نکتہ بھائی برینہم کی تعلیمات کا ایک خوبصورت روحانی پہلو ہے، جس میں آدھے گھنٹے کی خاموشی کو ایک دلہا اور دلہن کے درمیان ہونے والے مقدس لمحے سے تشبیہ دی گئی ہے۔

روحانی پس منظر 🔹
بائبل میں یسوع مسیح کو دولہا اور کلیسیا (دلہن) کو اُس کی دلہن کہا گیا ہے (متی 25، مکاشفہ 19:7)۔
بھائی برینہم نے بارہا فرمایا کہ رخصتی (Rapture) دراصل دلہن اور دولہا کی شادی کا وقت ہے۔
اور آدھے گھنٹے کی خاموشی، اُس وقت کی مانند ہے جب شادی سے پہلے دولہا اور دلہن پہلی بار تنہائی میں ملتے ہیں — خاموشی، تقدس، اور محبت کے ساتھ۔
خاموشی کیوں ضروری ہے؟ 🔹
دلہن جب اپنے دلہا کو پہلی بار قریب سے دیکھتی ہے، تو الفاظ ختم ہو جاتے ہیں۔ وہاں صرف آنکھوں میں آنکھیں، دل کی دھڑکنیں، اور خاموشی ہوتی ہے۔ Brother Branham (پیرائے میں)

اس خاموشی کی روحانی گہرائی 🔹

تنہائی میں ملاقات
آدھے گھنٹے کی خاموشی دراصل وہ وقت ہے جب یسوع خفیہ طور پر اپنی دلہن سے ملتا ہے۔
یہ کوئی عوامی واقعہ نہیں — یہ خالصتاً دلہن کے ساتھ مخصوص ہے۔
بغیر الفاظ کے محبت
محبت کی سب سے گہری سطح وہ ہوتی ہے جہاں الفاظ کی ضرورت نہیں رہتی۔
یہی وہ سطح ہے جہاں روح القدس اور دلہن آپس میں مکاشفہ بانٹتے ہیں۔
احترام، تقدس، اور تیاری
جیسے شادی سے پہلے دلہن کے چہرے پر پردہ ہوتا ہے،
ویسے ہی ساتویں مہر میں راز پر پردہ ہے — جو صرف دولہا ہی اُٹھاتا ہے۔

بھائی برینہم کی تعلیم کے مطابق 🔹

جب ساتویں مہر کھلی، تو وہاں کوئی تحریر نہ تھی، کوئی آواز نہ تھی، بس خاموشی تھی۔ یہ خاموشی اُس مقدس ملاقات کا لمحہ تھی، جہاں یسوع اپنی دلہن کو تیار پاتا ہے۔

روحانی نتیجہ: 🔹
آدھے گھنٹے کی خاموشی دلہن اور یسوع مسیح کے درمیان ایک الٰہی، خاموش، محبت بھری ملاقات ہے۔
یہ ملاقات باقی دنیا سے چھپی ہوئی ہے۔
دلہن کے لیے یہ خاموشی سب کچھ بدل دیتی ہے — اُس کی سوچ، اُس کی راہ، اور اُس کی تیاری۔

پیدائش میں ساتویں مہر کی تشبیہ

پیدائش 2 باب میں ہم ایک نہایت گہرا روحانی منظر دیکھتے ہیں۔ خدا نے آدم کو گہری نیند میں ڈال دیا، اُس کی پسلی نکالی، اور اُس سے حوّا کو بنایا۔ یہ کام خاموشی میں ہوا۔ نہ کوئی اعلان، نہ کوئی شور — بس خدا کا ایک پوشیدہ، تخلیقی عمل۔ جب آدم بیدار ہوا اور حوّا کو دیکھا تو اُس نے کہا: “یہ تو اب میری ہڈیوں میں سے ہڈی اور میرے گوشت میں سے گوشت ہے” (پیدائش 2:23)۔ یہ پہچان کا لمحہ تھا۔ اسی طرح ساتویں مہر میں بھی خاموشی ہے۔ بھائی برینہم کے مطابق یہ وہ لمحہ ہے جب مسیح اپنی دلہن کو پہچانتا ہے — اور دلہن اپنے دولہا کو۔ یہ کوئی عوامی واقعہ نہیں بلکہ ایک ذاتی، پوشیدہ اور مقدس ملاقات ہے۔

تخلیق کے سات دن اور سات مہروں

ساتواں دن🔹

آرام سبت کا دن
پیدائش 2:2-3
اور خدا ساتویں دن اپنے کام سے فارغ ہوا۔۔۔ اور خدا نے ساتویں دن کو برکت دی اور اسے مقدس ٹھہرایا۔

روحانی مفہوم
یہ خدا کے مکمل آرام اور ہزار سالہ بادشاہت کی علامت ہے۔
بھائی برینہم نے سکھایا کہ یہ وہ وقت ہوگا جب یسوع اپنی دلہن (کلیسیا) کے ساتھ حکومت کرے گا، اور زمین پر مکمل آرام ہوگا۔
ساتویں مہر میں خدا کا مکمل راز کھلتا ہے، اور یسوع کی حکومت شروع ہوتی ہے۔

خلاصہ

ساتویں مہر کی نوعیت ایک مکمل راز کی ہے جسے پوری طرح صرف مسیح ہی جانتے ہیں، کیونکہ وہی برّہ ہے جو مہر کھولنے کا اختیار رکھتا ہے۔ جب یہ مہر کھلتی ہے تو آسمان میں آدھے گھنٹے کی خاموشی چھا جاتی ہے، جو اس بات کا آسمانی ردعمل ہے کہ ایک نہایت مقدس اور گہرا بھید ظاہر ہو رہا ہے۔ اس کا تعلق دلہن، سات گرجوں کے راز اور خفیہ آمد سے جوڑا جاتا ہے، کیونکہ یہ مرحلہ عام دنیا کے لیے نہیں بلکہ مخصوص طور پر دلہن کے لیے سمجھا جاتا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد دلہن کو تیار کرنا ہے—اُسے روحانی طور پر بیدار کرنا، اُس کی پہچان کو واضح کرنا اور اُسے مسیح کے ساتھ ملاپ کے لیے کامل تیاری میں لانا۔

براہ کرم اس پیغام کو اپنے عزیزوں کے ساتھ ضرور شیئر کریں

واٹس ایپ، فیس بک، یوٹیوب یا چرچ میں — جہاں بھی ہو، یہ پیغام پہنچائیں،
تاکہ لوگ جانیں کہ وقت قریب ہے، اور دلہن تیار ہونی چاہیے۔

✝️
جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ رُوح کلِیسیاؤں سے کیا فرماتا ہے۔ جو غالِب آئے مَیں اُسے اُس زِندگی کے دَرخت میں سے جو خُدا کے فِردَوس میں ہے پھَل کھانے کو دُوں گا۔
(مکاشفہ 2:7)

مسیح یسوع میں آپ کا بھائی جاوید جارج
از ہلسنکی فن لینڈ

Leave a Comment