ہر نبی میں مسیح کی جھلک — پرانے عہد سے صلیب تک ایک ہی روح
بنیادی خیال
یہ بنیاد سمجھنا ضروری ہے کہ نبوت کبھی انسانی سوچ یا ذاتی خواہش کا نتیجہ نہیں رہی۔ کلام کہتا ہے۔
کیونکہ نبُوّت کی کوئی بات آدمی کی خواہِش سے کبھی نہیں ہُوئی بلکہ آدمی رُوحُ القُدس کی تحرِیک کے سبب سے خُدا کی طرف سے بولتے تھے۔ (2 پطرس 1:21)۔
یعنی نبی اپنی طرف سے کچھ نہیں بولتے تھے، بلکہ وہ ایک وسیلہ تھے جن کے ذریعے خدا خود اپنا کلام ظاہر کرتا تھا۔ اسی لیے اُن کی باتوں میں ایک الٰہی تسلسل نظر آتا ہے، چاہے زمانے مختلف کیوں نہ ہوں۔ پھر پطرس رسول مزید کھولتا ہے
اُنہوں نے اِس بات کی تحقِیق کی کہ مسِیح کا رُوح جو اُن میں تھا اور پیشتر سے مسِیح کے دُکھوں کی اور اُن کے بعد کے جلال کی گواہی دیتا تھا وہ کَون سے اور کَیسے وقت کی طرف اِشارہ کرتا تھا۔ (۱-پطرؔس 1:11)۔
یہاں ایک گہرا راز ہے کہ وہی روح جو بعد میں یسوع مسیح میں کامل طور پر ظاہر ہوا، وہی پہلے نبیوں میں کام کر رہا تھا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پرانے عہد کے نبی صرف اپنے حالات یا قوم کے لیے نہیں بول رہے تھے بلکہ اُن کی زندگیوں اور تجربات میں آنے والے مسیح کی پیشگی تصویر موجود تھی۔ اُن کے دکھ، اُن کی خدمت، اُن کا رد ہونا، اور اُن کی وفاداری—یہ سب دراصل مسیح کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کی جھلکیاں تھیں۔ اس طرح خدا ابتدا ہی سے ایک ہی کہانی بیان کر رہا تھا، جو آخرکار مسیح میں مکمل طور پر ظاہر ہوئی۔
تعارف
خدا کا منصوبہ ابتدا سے آخر تک ایک ہی رہا ہے، وہ وقت یا حالات کے ساتھ تبدیل نہیں ہوتا۔ کلام ہمیں دکھاتا ہے کہ جو کچھ خدا نے ابتدا میں ٹھہرایا، وہی وہ آخر تک پورا کرتا ہے۔ اسی لیے پرانے عہد کے نبی صرف اپنے زمانے کے لیے نہیں تھے بلکہ وہ ایک بڑے الٰہی منصوبے کا حصہ تھے۔ اُن کی زندگیوں، خدمتوں اور تجربات میں ایک پوشیدہ گواہی موجود تھی جو آنے والے یسوع مسیح کی طرف اشارہ کرتی تھی۔ کوئی قربانی پیش کرتا ہے، کوئی رد کیا جاتا ہے، کوئی دکھ اٹھاتا ہے، اور کوئی نجات کا راستہ دکھاتا ہے، مگر یہ سب مختلف کہانیاں نہیں بلکہ ایک ہی سچائی کے مختلف عکس ہیں۔ ہر نبی کی زندگی میں مسیح کی زندگی کا کوئی نہ کوئی پہلو جھلکتا ہے، جیسے ایک ہی روشنی مختلف آئینوں میں نظر آتی ہے۔ اس طرح پرانا عہد دراصل ایک تیاری تھا، ایک خاموش گواہی، جو ہمیں یہ سمجھاتا ہے کہ ابتدا ہی سے مرکز مسیح تھا، اور خدا اپنی اسی کامل ظاہر ی کی طرف مسلسل کام کر رہا تھا۔
ہابل
ہابل کی زندگی ابتدا ہی میں ایک گہری روحانی سچائی ظاہر کرتی ہے۔ اُس نے خدا کے حضور ایک ایسی قربانی پیش کی جو خون پر مبنی تھی، یعنی ایک بےگناہ برّہ، اور یہ اُس کے ایمان کی علامت تھی۔ عبرانیوں 11:4 کہتا ہے کہ “ اِیمان ہی سے ہابِل نے قائِن سے افضل قُربانی خُدا کے لِئے گُذرانی”، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اُس کی قربانی صرف ایک رسم نہیں بلکہ خدا کی مرضی کے مطابق تھی۔ لیکن اسی راستبازی کی وجہ سے وہ اپنے بھائی کے ہاتھوں قتل ہوا۔ اُس کا رد ہونا اور اُس کا خون زمین پر بہنا ایک خاموش گواہی بن گیا۔
یہ سب ایک گہری تصویر ہے جو بعد میں یسوع مسیح میں مکمل ہوتی ہے۔ جیسے ہابل نے ایک بےگناہ قربانی پیش کی، ویسے ہی یسوع خود خدا کا برّہ بن کر آیا (یوحنا 1:29)۔ اور جیسے ہابل کو اُس کی راستبازی کی وجہ سے قتل کیا گیا، ویسے ہی یسوع کو بھی دنیا نے رد کیا اور مصلوب کیا (یوحنا 15:25)۔ عبرانیوں 12:24 میں لکھا ہے کہ یسوع کا خون “ہابل کے خون سے بہتر باتیں کرتا ہے”، یعنی جہاں ہابل کا خون انصاف کی فریاد کرتا تھا، وہاں مسیح کا خون رحم اور نجات کی گواہی دیتا ہے۔ اس طرح ہابل کی کہانی صرف ایک واقعہ نہیں بلکہ ابتدا میں دی گئی ایک پیشگی تصویر ہے، جو ہمیں صلیب کی طرف لے جاتی ہے۔
نوح
نوح نبی کی زندگی میں ہمیں نجات کا ایک نہایت واضح اور سنجیدہ نمونہ نظر آتا ہے۔ خدا نے آنے والے انصاف سے پہلے اُسے ایک کشتی بنانے کا حکم دیا، جو صرف ایک ظاہری پناہ نہیں بلکہ ایک الٰہی منصوبے کا حصہ تھی۔ یہ کشتی خدا کی طرف سے مہیا کیا گیا واحد راستہ تھا، اور اس کے باہر کوئی نجات نہ تھی۔ نوح نے نہ صرف کشتی بنائی بلکہ راستبازی کا منادی بھی رہا (2 پطرس 2:5)، مگر اُس کے زمانے کے لوگوں نے نہ اُس کی بات کو سنجیدگی سے لیا اور نہ ہی خدا کے انتباہ کو قبول کیا۔ وہ اپنی روزمرہ زندگی میں مصروف رہے، یہاں تک کہ اچانک پانی آیا اور سب کو لے گیا (متی 24:38–39)۔ لیکن جو لوگ کشتی میں داخل ہوئے، وہی محفوظ رہے۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ نجات صرف جاننے میں نہیں بلکہ داخل ہونے میں ہے۔
یہ ساری تصویر ہمیں سیدھا یسوع مسیح کی طرف لے جاتی ہے، کیونکہ وہ خود نجات کا زندہ راستہ ہے۔ اُس نے فرمایا: “دروازہ مَیں ہُوں اگر کوئی مُجھ سے داخِل ہو تو نِجات پائے گا” (یوحنا 10:9)۔ جیسے نوح کے زمانے میں صرف ایک کشتی تھی، ویسے ہی آج بھی نجات کا صرف ایک ہی دروازہ ہے۔ اُس کشتی میں داخل ہونا ایمان اور فرمانبرداری کا قدم تھا، اور اسی طرح مسیح میں آنا بھی صرف زبانی اقرار نہیں بلکہ ایک عملی داخل ہونا ہے۔ برادر برینہم کی تعلیم کے مطابق، کشتی صرف ایک علامت تھی جبکہ اصل حقیقت مسیح ہے، جس میں داخل ہونا روحانی حفاظت ہے۔ آج بھی دنیا ویسے ہی مصروف اور غافل ہے جیسے نوح کے دنوں میں تھی، اور بہت سے لوگ آخری وقت پیغام کو سنتے ہیں مگر قبول نہیں کرتے۔ مگر جو مسیح میں پائے جاتے ہیں، وہی محفوظ ہیں، کیونکہ خدا کا راستہ ہمیشہ ایک ہی رہا ہے اور وہ راستہ مسیح ہے۔
ابرہام اور اسحاق
ابرہام اور اسحاق کا واقعہ خدا کے منصوبے کی ایک نہایت گہری اور خاموش گواہی ہے۔ خدا نے ابرہام کو حکم دیا کہ اپنے اکلوتے بیٹے کو قربان کرے (پیدائش 22:2)، اور یہ صرف ایک آزمائش نہیں بلکہ ایمان کی تکمیل تھی۔ابرہام نے بغیر سوال کیے فرمانبرداری کی، اور پہاڑ موریاہ کی طرف روانہ ہوا۔ اسحاق نے خود لکڑیاں اٹھائیں (پیدائش 22:6)، اور یہ ایک معنی خیز منظر ہے، کیونکہ بیٹا خود قربانی کے سامان کو اٹھائے ہوئے ہے۔ راستے میں اسحاق کا سوال “برہ کہاں ہے؟” (پیدائش 22:7) ایک نبوتی آواز بن جاتا ہے، جس کا جوابابرہام دیتا ہے: “خدا خود برہ مہیا کرے گا” (پیدائش 22:8)۔
جب وہ قربان گاہ تک پہنچے تو اسحاق نے مزاحمت نہیں کی بلکہ خود کو پیش کر دیا، جو مکمل فرمانبرداری اور سپردگی کو ظاہر کرتا ہے۔ عین اُس وقت خدا نے ایک مینڈھا فراہم کیا جو اسحاق کی جگہ قربان ہوا (پیدائش 22:13)، اور یہ کفارہ کی قربانی کا پہلا نمونہ ہے۔ یہی تصویر بعد میں یسوع مسیح میں پوری ہوتی ہے، کیونکہ خدا نے اپنا اکلوتا بیٹا دیا (یوحنا 3:16)، اور یسوع نے خود اپنی صلیب اٹھائی (یوحنا 19:17)۔ جہاں اسحاق کو بچا لیا گیا، وہاں مسیح کو نہیں بچایا گیا بلکہ وہ خود کامل قربانی بنا۔ عبرانیوں 11:19 کے مطابق ابرہام نے ایمان میں اسے مردوں میں سے واپس پانے کا یقین رکھا، جو قیامت کی طرف اشارہ ہے۔ اس طرح یہ واقعہ صرف ایک آزمائش نہیں بلکہ صلیب، قربانی، اور قیامت کی مکمل پیشگی تصویر ہے، جس میں خدا خود اپنے وعدے کو پورا کرتا ہے۔
یوسف
یوسف کی زندگی مسیح کی ایک نہایت مکمل اور گہری تصویر پیش کرتی ہے، جس میں کئی پہلو ایک ساتھ مل کر ایک ہی روحانی سچائی کو ظاہر کرتے ہیں۔ وہ اپنے باپ کا پیارا بیٹا تھا (پیدائش 37:3)، اور یہی بات اُس کے بھائیوں کے حسد کا سبب بنی۔ اُنہوں نے اُسے رد کیا، اُس کے خلاف سازش کی، اور آخرکار اُسے چاندی کے سکوں کے بدلے بیچ دیا (پیدائش 37:28)۔ یہ صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ایک نبوتی اشارہ ہے۔
یوسف کو ایک گڑھے میں ڈالا گیا، پھر غلامی میں بیچا گیا، اور بعد میں جھوٹے الزام کے تحت قید میں ڈال دیا گیا (پیدائش 39:20)۔ مگر ان سب حالات میں بھی خدا اُس کے ساتھ تھا، اور اُس کی زندگی میں فضل ظاہر ہوتا رہا (پیدائش 39:21)۔ وہ قید میں بھی دوسروں کے لیے برکت بنا، خوابوں کی تعبیر دی، اور آخرکار وہی شخص بنا جسے فرعون نے مصر میں بلند مقام دیا (پیدائش 41:41)۔
یہ تمام پہلو یسوع مسیح کی زندگی میں اپنی مکمل صورت میں ظاہر ہوتے ہیں۔ جیسے یوسف اپنے بھائیوں کے پاس آیا مگر اُنہوں نے اُسے رد کیا، ویسے ہی یسوع اپنے لوگوں کے پاس آیا مگر اُنہوں نے اُسے قبول نہ کیا (یوحنا 1:11)۔ جیسے یوسف کو چاندی کے بدلے بیچا گیا، ویسے ہی یسوع کو بھی چاندی کے سکوں کے بدلے بیچا گیا (متی 26:15)۔ جیسے یوسف نے جھوٹے الزام سہے، ویسے ہی یسوع پر بھی جھوٹے گواہ کھڑے کیے گئے (مرقس 14باب55-59)۔
یوسف کو قید سے نکال کر جلال میں بٹھایا گیا، اور وہی شخص قحط کے زمانے میں روٹی کا ذریعہ بنا، جس کے بغیر لوگ زندہ نہ رہ سکتے تھے۔ اسی طرح یسوع بھی دکھ سہنے کے بعد جلال میں داخل ہوا (لوقا 24:26)، اور وہ “زندگی کی روٹی” ہے (یوحنا 6:35) جس کے بغیر روحانی زندگی ممکن نہیں۔
سب سے گہری بات یوسف کی معافی میں نظر آتی ہے، جب اُس نے اپنے بھائیوں سے کہا: “ تُم نے تو مُجھ سے بدی کرنے کا ا،رادہ کیا تھا لیکن خُدا نے اُسی سے نیکی کا قصد کیا” (پیدائش 50:20)۔ یہی روح ہمیں مسیح میں نظر آتی ہے، جب اُس نے صلیب پر کہا: “اَے باپ! اِن کو معاف کر، کیونکہ یہ نہیں جانتے کہ کیا کرتے ہیں” (لوقا 23:34)۔
اس طرح یوسف کی زندگی صرف ایک انسان کی کہانی نہیں بلکہ ایک زندہ پیشگی تصویر ہے، جس میں رد ہونا، دکھ سہنا، بلندی پانا، اور آخرکار نجات دینا—یہ سب مسیح کی کامل زندگی کی جھلک کے طور پر ظاہر ہوتے ہیں۔
موسیٰ
موسیٰ کی زندگی خدا کے نجاتی منصوبے کی ایک گہری اور واضح تصویر پیش کرتی ہے۔ وہ ایک ایسے وقت میں اُٹھایا گیا جب اسرائیل مصر کی سخت غلامی میں تھا (خروج 1)، اور خدا نے اُسے جلتی ہوئی جھاڑی میں ظاہر ہو کر بلایا کہ وہ اپنی قوم کو آزاد کرائے (خروج 3باب2-10)۔ موسیٰ صرف ایک رہنما نہیں تھا بلکہ خدا اور قوم کے درمیان کھڑا ہونے والا ایک درمیانی تھا۔ اُس نے خدا کا کلام سنا اور اُسے لوگوں تک پہنچایا، اور کئی مواقع پر قوم کے لیے شفاعت کی (خروج 32باب11-14)۔
فسح کی رات بھی ایک اہم نشان ہے، جہاں برّہ کا خون دروازوں پر لگایا گیا تاکہ موت اُن گھروں سے گزر جائے (خروج 12)۔ یہ صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ نجات کا اصول تھا۔ پھر بحرِ قلزم کا پار ہونا (خروج 14) ایک نئی زندگی میں داخل ہونے کی تصویر ہے، جہاں پرانی غلامی پیچھے رہ جاتی ہے۔ بیابان میں موسیٰ نے چٹان پر مارا تو پانی نکلا (خروج 17:6)، اور پولس رسول کہتا ہے کہ وہ چٹان مسیح تھا (1 کرنتھیوں 10:4)۔
یہ سب باتیں اپنی مکمل حقیقت میں یسوع مسیح میں ظاہر ہوتی ہیں۔ جیسے موسیٰ نے قوم کو جسمانی غلامی سے نکالا، ویسے ہی مسیح گناہ کی غلامی سے حقیقی آزادی دیتا ہے (یوحنا 8:36)۔ جیسے موسیٰ درمیانی تھا، ویسے ہی مسیح وہ واحد سچا درمیانی ہے جو خدا اور انسان کے درمیان کھڑا ہے (1 تیمتھیس 2:5)۔ عبرانیوں 3باب3-6 میں بتایا گیا ہے کہ مسیح موسیٰ سے بھی بڑا ہے، کیونکہ موسیٰ گھر میں خادم تھا مگر مسیح اُس گھر کا بیٹا ہے۔
رادر برینہم کی تعلیم کے مطابق موسیٰ اپنے زمانے کے لیے “ظاہر شدہ کلام” تھا، مگر وہ صرف ایک حصہ تھا، جبکہ مسیح مکمل کلام ہے۔ اس طرح موسیٰ کی پوری زندگی—پیدائش، بلانا، خدمت، شفاعت، اور نجات دینا—یہ سب مسیح کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ موسیٰ سایہ تھا، مگر مسیح حقیقت ہے، اور جو کام موسیٰ نے جسمانی طور پر کیا، وہی مسیح روحانی طور پر مکمل کرتا ہے۔
داؤد
داؤد کی زندگی میں ہمیں مسیح کی ایک نہایت خوبصورت اور گہری تصویر نظر آتی ہے۔ وہ ابتدا میں ایک سادہ چرواہا تھا، جسے خدا نے خفیہ طور پر مسح کیا (1 سموئیل 16:13)، مگر اُس کی پہچان فوراً ظاہر نہ ہوئی۔ اُس نے میدان میں وفاداری دکھائی، شیر اور ریچھ سے بھیڑوں کی حفاظت کی، اور پھر جاتی جولیت جیسے دشمن کو شکست دی (1 سموئیل 17)۔ لیکن اس کے باوجود وہ ایک لمبے عرصے تک رد اور ستایا گیا، خاص طور پر ساؤل کی طرف سے، حالانکہ وہ خدا کا چُنا ہوا تھا (1 سموئیل 19–24)۔ وہ غاروں میں رہا، تنہائی برداشت کی، مگر پھر بھی خدا پر بھروسہ رکھا اور اپنی زبان اور دل کو قابو میں رکھا۔
داؤد نہ صرف ایک بادشاہ تھا بلکہ ایک پرستش کرنے والا اور خدا کے دل کے مطابق انسان تھا (اعمال 13:22)۔ اُس کی زندگی میں عاجزی، جنگ، صبر، اور آخرکار جلال سب شامل ہیں۔ آخرکار خدا نے اُسے تخت پر بٹھایا اور اُس کی بادشاہی کو قائم کیا (2 سموئیل 5:4)۔
یہی تصویر یسوع مسیح میں اپنی کامل صورت میں ظاہر ہوتی ہے۔ وہ بھی “اچھا چرواہا” ہے جو اپنی بھیڑوں کے لیے جان دیتا ہے (یوحنا 10:11)، اور وہی “بادشاہوں کا بادشاہ” بھی ہے (مکاشفہ 19:16)۔ جیسے داؤد کو پہلے رد کیا گیا اور بعد میں تخت ملا، ویسے ہی یسوع کو بھی دنیا نے رد کیا، مصلوب کیا، مگر پھر وہ جلال میں بلند کیا گیا (فلپیوں 2باب8–11)۔
داؤد کے زبور بھی مسیح کی طرف اشارہ کرتے ہیں، خاص طور پر زبور 22، جہاں صلیب کی جھلک واضح نظر آتی ہے۔ برادر برینہم کے مطابق داؤد ایک بادشاہ نبی تھا جس کے ذریعے مسیح کی بادشاہی اور دکھ دونوں کی پیشگی تصویر دی گئی۔ اس طرح داؤد کی زندگی ہمیں یہ سمجھاتی ہے کہ خدا کا راستہ عاجزی، آزمائش، اور وفاداری سے گزرتا ہوا آخرکار جلال تک پہنچتا ہے، اور یہی راستہ مسیح میں مکمل طور پر ظاہر ہوا۔
یرمیاہ اور یسعیاہ جیسے نبی
یرمیاہ اور یسعیاہ جیسے نبیوں کی زندگیاں ہمیں ایک گہری روحانی حقیقت دکھاتی ہیں کہ خدا کا سچا خادم اکثر تنہائی، دکھ، اور رد کیے جانے کے راستے سے گزرتا ہے۔ یرمیاہ کو “رونے والا نبی” کہا جاتا ہے کیونکہ اُس کا دل اپنی قوم کے لیے ٹوٹا ہوا تھا۔ وہ خدا کا پیغام لے کر آیا مگر لوگوں نے اُس کی بات کو رد کیا، اُس کا مذاق اُڑایا، اور اُسے قید تک میں ڈال دیا (یرمیاہ 20:2، 37:15)۔ وہ خود کہتا ہے کہ خدا کا کلام اُس کے دل میں جلتی ہوئی آگ کی مانند ہے جسے وہ روک نہیں سکتا (یرمیاہ 20:9)۔ اس کے باوجود وہ اپنی خدمت میں وفادار رہا، چاہے اُسے تنہائی اور دکھ ہی کیوں نہ سہنا پڑا۔
یسعیاہ کی خدمت بھی اسی طرح گہری نبوتی معنی رکھتی ہے۔ اُس نے نہ صرف اپنی قوم کو تنبیہ کی بلکہ ایک ایسے خادم کی نبوت کی جو رد کیا جائے گا، دکھ سہے گا، اور دوسروں کے گناہوں کا بوجھ اٹھائے گا (یسعیاہ 53باب4-5)۔ یہ نبوت محض الفاظ نہیں بلکہ ایک آنے والی حقیقت کی تصویر تھی۔
یہ سب اپنی مکمل صورت میں یسوع مسیح میں ظاہر ہوتا ہے، جو واقعی “غموں کا آدمی اور رنج کا آشنا” تھا (یسعیاہ 53:3)۔ وہ اپنے لوگوں کے پاس آیا مگر اُنہوں نے اُسے قبول نہ کیا (یوحنا 1:11)۔ اُس نے لوگوں کے لیے رویا (لوقا 19:41)، اُن کے دکھ اپنے اوپر لے لیے، اور آخرکار صلیب پر اپنی جان دے دی۔
برادر برینہم کی تعلیم کے مطابق یہ نبی مسیح کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو پہلے ہی ظاہر کر رہے تھے—دکھ، رد ہونا، اور وفاداری۔ اس طرح یرمیاہ کی آنکھوں کے آنسو اور یسعیاہ کی نبوت دونوں ہمیں ایک ہی سچائی کی طرف لے جاتے ہیں کہ خدا کا خادم پہلے رد ہوتا ہے، پھر اُس کی حقیقت ظاہر ہوتی ہے۔ اور یہ سب مسیح میں کامل طور پر پورا ہوا۔
برادر برینہم کی تعلیم — ایک ہی روح کی مسلسل ظاہری
برادر برینہم کی تعلیم میں ایک بنیادی سچائی یہ ہے کہ خدا اپنے منصوبے کو کبھی نہیں بدلتا، بلکہ مختلف زمانوں میں مختلف برتنوں کے ذریعے اُسے ظاہر کرتا ہے۔ جیسا کہ وہ کہتے ہیں: یعنی خدا کا کام ایک ہی رہتا ہے مگر اُس کے ظاہر ہونے کے وسیلے بدلتے رہتے ہیں۔ یہی بات کلامِ مقدس میں بھی واضح ہے کہ “یسوع مسیح کل اور آج بلکہ ابد تک یکساں ہے” (عبرانیوں 13:8)، اور “مسیح کا روح جو اُن میں تھا پہلے سے گواہی دیتا تھا” (1 پطرس 1:11)۔ اس سے ہمیں یہ سمجھ آتی ہے کہ نبی خود مرکز نہیں تھے بلکہ اُن کے اندر جو روح کام کر رہا تھا وہ اصل تھا، یعنی مسیح کا روح۔ برادر برینہم کے مطابق ہر نبی اپنے زمانے کے لیے “اُس زمانے کا مقررہ کلام” کا مظہر ہوتا تھا، اور خدا کا کلام اُس کے پاس آتا تھا تاکہ وہ اُسے ظاہر کرے۔ اس طرح نبی صرف پیغام سنانے والا نہیں بلکہ خود اُس پیغام کی زندہ تصویر بن جاتا تھا، جس میں وہی الٰہی زندگی ظاہر ہوتی تھی جو مختلف زمانوں میں ایک ہی روح کے ذریعے کام کرتی رہی اور آخرکار مسیح میں مکمل طور پر ظاہر ہوئی۔
یوناہ
اسی طرح یوناہ کی زندگی بھی ایک گہری نبوتی علامت پیش کرتی ہے۔ یوناہ تین دن اور تین رات مچھلی کے پیٹ میں رہا (یوناہ 1:17)، اور یہ ایک معمولی واقعہ نہیں بلکہ ایک روحانی نشان تھا۔ خود یسوع مسیح نے فرمایا: “جیسا یوناہ تین دن اور تین رات مچھلی کے پیٹ میں رہا، ویسا ہی ابنِ آدم زمین کے اندر رہے گا” (متی 12:40)۔ یہاں ہمیں یہ سمجھ آتا ہے کہ پرانے عہد کے واقعات صرف تاریخ نہیں بلکہ آنے والی حقیقت کی پیشگی تصویر ہیں۔ برادر برینہم کے مطابق پرانا عہد سایہ تھا جبکہ نیا عہد حقیقت ہے، یعنی جو کچھ پہلے نشان اور تصویر کے طور پر ظاہر ہوا، وہ بعد میں مسیح میں مکمل طور پر حقیقت بن گیا۔ اس طرح یوناہ کا تجربہ ہمیں صلیب، دفن ہونے، اور قیامت کی طرف لے جاتا ہے، جو خدا کے مکمل منصوبے کا مرکز ہے۔
ایلیاہ اور یوحنا بپتسمہ دینے والا
ایلیاہ اور یوحنا بپتسمہ دینے والے کی مثال ہمیں ایک نہایت واضح روحانی اصول سکھاتی ہے۔ ایلیاہ نے اپنے زمانے میں لوگوں کو بُت پرستی سے نکال کر زندہ خدا کی طرف بلایا، اُس کا پیغام توبہ اور واپسی کا تھا (1 سلاطین 18باب37-39)۔ اسی طرح یوحنا بپتسمہ دینے والا بھی آیا اور اُس نے لوگوں کو توبہ کی طرف بلایا اور مسیح کے لیے راستہ تیار کیا (متی 3باب1-3)۔ کلام کہتا ہے: “وہ ایلیاہ کی روح اور قوت میں آئے گا” (لوقا 1:17)، یعنی وہی روح جو ایلیاہ میں کام کر رہا تھا، وہی یوحنا میں ظاہر ہوا۔ برادر برینہم کی تعلیم کے مطابق یہ اس بات کی نشانی ہے کہ خدا ایک ہی خدمت اور ایک ہی روح کو مختلف زمانوں میں مختلف انسانوں کے ذریعے ظاہر کرتا ہے۔ اس سے یہ اصول سامنے آتا ہے کہ خدا کا کام نیا نہیں ہوتا بلکہ وہی الٰہی زندگی مختلف ادوار میں جاری رہتی ہے، صرف برتن بدلتے ہیں مگر روح ایک ہی رہتا ہے۔
روحانی اصول — دکھ سے جلال تک
کلامِ مقدس ہمیں ایک سادہ مگر گہرا اصول دکھاتا ہے کہ خدا کا راستہ ہمیشہ دکھ سے جلال کی طرف جاتا ہے۔ جیسا کہ لکھا ہے: “کیا مسیح کو یہ دکھ سہنا اور اپنے جلال میں داخل ہونا ضروری نہ تھا؟” (لوقا 24:26)۔ یہی ترتیب ہر نبی کی زندگی میں نظر آتی ہے—پہلے آزمائش آتی ہے، پھر خدا کی طرف سے تصدیق ہوتی ہے، اور آخرکار جلال ظاہر ہوتا ہے۔ کوئی بھی نبی ایسا نہیں جس نے بغیر دکھ کے خدمت کی ہو، کیونکہ دکھ دراصل اُس کام کی مہر ہوتا ہے جو خدا کرتا ہے۔ برادر برینہم بھی اسی اصول کو سادہ الفاظ میں بیان کرتے ہیں کہ “بغیر صلیب کے کوئی تاج نہیں”۔ یہ بات صرف پرانے نبیوں یا مسیح تک محدود نہیں بلکہ آج بھی یہی راستہ قائم ہے۔ دلہن کے لیے بھی یہی سفر ہے کہ پہلے آزمائش اور انکار، پھر روحانی ثابت قدمی، اور آخرکار جلال میں شراکت۔ اس طرح دکھ محض تکلیف نہیں بلکہ ایک راستہ ہے جو خدا اپنے لوگوں کو جلال تک لے جانے کے لیے استعمال کرتا ہے۔
آج کے زمانے سے تعلق — دلہن میں وہی روح
یہ حصہ ہماری سمجھ کو موجودہ وقت تک لے آتا ہے، جہاں اصل سوال یہ نہیں رہتا کہ وہی روح نبیوں اور مسیح میں تھا، بلکہ یہ کہ کیا وہی روح آج بھی زندہ اور ظاہر ہو رہا ہے؟ کلام ہمیں واضح طور پر بتاتا ہے: “جو کام میں کرتا ہوں تم بھی کرو گے بلکہ ان سے بڑے” (یوحنا 14:12)، اور “مسیح تم میں، جلال کی امید” (کلسیوں 1:27)۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسیح کی زندگی صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ایک جاری حقیقت ہے۔ برادر برینہم کی تعلیم کے مطابق آخری زمانے میں خدا کا کلام دوبارہ دلہن میں ظاہر ہو رہا ہے، یعنی وہی زندگی جو مسیح میں تھی، اب اُس کی دلہن میں نظر آنی چاہیے۔ اس کا مطلب ہے کہ صرف ایمان کا دعویٰ کافی نہیں بلکہ وہی ایمان، وہی روح، اور وہی کلام عملی طور پر ظاہر ہونا چاہیے۔ “جیسا وہ تھا ویسی ہی اُس کی دلہن ہے”، یعنی دلہن صرف ماننے والی نہیں بلکہ اُس زندگی کو ظاہر کرنے والی ہے۔ یہ ایک خاموش مگر گہرا کام ہے، جہاں خدا اپنے کلام کو انسانوں میں زندہ کرتا ہے تاکہ دنیا ایک زندہ گواہی دیکھ سکے۔
اختتامی پیغام — ایک زندہ حقیقت
یہ سارا مضمون ہمیں آہستگی کے ساتھ ایک گہری سچائی تک لے آتا ہے کہ مسیح کو صرف ماضی تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔ وہ نہ صرف تاریخ کا حصہ ہے، نہ صرف ایک عظیم شخصیت، اور نہ ہی صرف ایک تعلیم، بلکہ ایک زندہ حقیقت ہے۔ وہی روح جو نبیوں میں کام کر رہا تھا، جو کامل طور پر یسوع مسیح میں ظاہر ہوا، وہی آج بھی کام کر رہا ہے۔ کلام ہمیں یقین دلاتا ہے: “دیکھو میں دنیا کے آخر تک ہمیشہ تمہارے ساتھ ہوں” (متی 28:20)۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ خدا کا کام رکا نہیں بلکہ جاری ہے، اور اُس کی حضوری آج بھی اُن لوگوں میں ظاہر ہوتی ہے جو اُس کے کلام کو قبول کرتے ہیں۔ یہ ایک خاموش مگر حقیقی ظہور ہے، جہاں مسیح اپنی زندگی کو اپنے لوگوں میں ظاہر کرتا ہے، اور یہی وہ زندہ گواہی ہے جو ہر زمانے میں قائم رہی ہے۔ آمین
براہ کرم اس پیغام کو اپنے عزیزوں کے ساتھ ضرور شیئر کریں
واٹس ایپ، فیس بک، یوٹیوب یا چرچ میں — جہاں بھی ہو، یہ پیغام پہنچائیں،
تاکہ لوگ جانیں کہ وقت قریب ہے، اور دلہن تیار ہونی چاہیے۔
✝️ جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ رُوح کلِیسیاؤں سے کیا فرماتا ہے۔ جو غالِب آئے مَیں اُسے اُس زِندگی کے دَرخت میں سے جو خُدا کے فِردَوس میں ہے پھَل کھانے کو دُوں گا۔
(مکاشفہ 2:7)
مسیح یسوع میں آپ کا بھائی جاوید جارج از ہلسنکی فن لینڈ
1 thought on “Christ Reflected in Every Prophet — One Spirit from the Old Testament to the Cross””
God really bless you brother