Resources Word

God Who Separates Light from Darkness- Part Two

حصہ دوم

خُدا جو روشنی کو اندھیرے سے جدا کرتا ہے

تعارف

بائبل کے پہلے صفحے سے لے کر آخری کتاب تک، ایک عظیم روحانی اصول مسلسل ظاہر ہوتا ہے
خُدا ہمیشہ روشنی کو تاریکی سے جدا کرتا ہے!
جب اُس نے کہا "روشنی ہو جا"، تو یہ صرف سورج کی روشنی نہ تھی — یہ سچائی، پاکیزگی، اور حضوری کی ابتدا تھی۔
تب سے آج تک، خُدا ہر دور میں اپنے لوگوں کو اندھیرے سے نکال کر اپنی روشنی میں لاتا رہا ہے —
چاہے وہ مصر کا اندھیرا ہو، نوح کا طوفان، سدوم کی آگ، ایلیاہ کا وقت، یا یسعیاہ کی نبوت۔
اور پھر… روشنی خود مجسم ہو گئی — یسوع مسیح کی صورت میں!
وہ دنیا کا نور آیا تاکہ جو کوئی اُس پر ایمان لائے، وہ اندھیرے میں نہ رہے۔
آج ہم ایک اور فیصلہ کن دور میں کھڑے ہیں
دنیا پھر اندھیرے میں ہے — مگر خُدا نے ایک نبی اور پیغام کے ذریعے دُلہن کو روشنی دی ہے۔
📖 اس مضمون میں ہم دیکھیں گے
خروج — رات کو روشنی کا بادل
ایلیاہ کا زمانہ — جب اسرائیل گمراہی کے اندھیرے میں تھا
یسعیاہ کی نبوت — اندھیرے میں روشنی آئے گی
یسوع مسیح — روشنی دنیا کے لیے
اور آخر میں — آخری زمانہ — روشنی اور تاریکی کی آخری جدائی

❗ یہ صرف تاریخ نہیں — یہ آپ کا فیصلہ ہے
کیا آپ روشنی کے فرزند ہیں؟

خروج — رات کو روشنی کا بادل

خروج 13باب21-22
اور خُداوند اُنکودِن کو راستہ دِکھانے کے لئے ستُون میں اور رات کو روشنی دینے کے لئے آگ کے ستُون میں ہو کر اُنکے آگے چلاکر تا تھا تاکہ وہ دِن اور رات دونوں چل سکیں ۔ وہ بادل کا ستُون دِن کو اور آگ کا ستُون رات کو اُن لوگوں کے آگے ہٹتا نہ تھا۔

🔹 پس منظر: رہائی کے بعد راستہ نامعلوم
جب بنی اسرائیل مصر سے نکلے، تو اُن کے سامنے ایک اجنبی اور خطرناک بیابان تھا
چاروں طرف غیر قومیں
پانی اور خوراک کی کمی
دن کو سورج کی شدت اور رات کو تاریکی اور سردی
لیکن خُدا نے خود اُن کی رہنمائی کا ذمہ لیا!

🔹 دن اور رات کی حفاظت — دو ستون
دن۔۔۔ستونِ ابر۔۔۔ دھوپ سے سایہ، رہنمائی
رات۔۔۔ ستونِ آگ۔۔۔روشنی، حفاظت، راہنمائی
گنتی 9باب16-17
"ہمیشہ ایسا ہی ہوتا رہا۔ ابر اس پر چھایا رہتااور رات کو ا آگ دکھائی دیتی تھی ۔ اور جب مسکن سے وہ ابر اٹھ جاتا تو بنی اسرائیل کوچ کرتے تھے اور جس جگہ وہ ابر جا کر ٹھہر جاتا وہیں بنی اسرائیل خیمے لگاتے تھے۔

🔹 خُدا خود روشنی بنا
یہ خُدا کا خود اپنی حضوری کے ساتھ اپنے لوگوں کو لیڈ کرنا تھا۔نہ صرف وہ اُن کے ساتھ تھا، بلکہ اُن سے آگے آگے تھا۔
استثنا 1:33
جو راہ میں تُم سے آگے آگے تمہارے واسطے ڈیرے ڈالنے کی جگہ تلاش کرنے کے لیے رات کو آگ میں اور دن کو ابر میں ہو کر چلا تاکہ تُم کو وہ راستہ دکھائے جس سے تُم چلو ۔لنا تھا۔

🔹روحانی معنی
وہ روشنی جو راستہ دکھاتی ہے — ایمان کی رہنمائی
زبور 78:14
اُس نے دِن کو بادل سے اُنکی رہبری کی اور رات بھر آگ کی روشنی سے۔ یسعیاہ 4باب5-6
جب خداوند صیون کی بیٹیوں کی گندگی دور کریگا اور یروشلیم کا خون رُوحِ عدل اور رُوحِ سوزان کے ذریعہ سے دھو ڈالیگا۔تب خداوند پھر کوہ صیون کےہر ایک مکان پر اوراُس کی مجلس گاہوں پردن کو بادل اوردھواں اوررات کو روشن شعلہ پیدا کریگا۔ تمام جلال پر ایک سایبان ہو گا۔
یہ اس بات کا اظہار ہے کہ خُدا صرف رہائی نہیں دیتا، بلکہ رہنمائی بھی دیتا ہے — ہر قدم پر، ہر مشکل میں۔
🔹 بھائی برینہم کی تعلیم
"خروج کے وقت جو نور آگے چلتا تھا، وہ معمولی آگ نہ تھی۔ وہ خود خُدا کی حضوری تھی! وہی روشنی آج دُلہن کے آگے آگے چل رہی ہے ۔ پیغام کی شکل میں!
(William Branham, "A Pillar of Fire")
"جیسے بنی اسرائیل کو بادل اور آگ ملا، ویسے ہی دُلہن کو خُدا کا کلام اور روح القدس ملا ہے ۔ وہ کبھی اندھیرے میں نہیں رہتی!

🔹 یسوع — نور کا ستون، رہنمائی کا منبع
یوحنا 8:12
یِسُوع نے پِھر اُن سے مُخاطِب ہو کر کہا دُنیا کا نُور مَیں ہُوں۔ جو میری پَیروی کرے گا وہ اَندھیرے میں نہ چلے گا بلکہ زِندگی کا نُور پائے گا۔
مصر سے نکلنا = گناہ سے نجات
بیابان = ایمان کا سفر
ستونِ نور = کلام + رُوح القدس کی رہنمائی
وعدہ کی سرزمین = مکمل نجات / مسیح کی حضوری
۔
🔚 خلاصہ
خُدا نے صرف مصر سے نہیں نکالا، بلکہ بیابان میں روشنی فراہم کی
اُس کا ستونِ نور کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹا
آج بھی خُدا اپنے دُلہن لوگوں کو تاریکی میں نہیں چھوڑتا
پیغامِ وقت، روح القدس، اور کلام — یہ سب ستونِ نور ہیں جو ہمیں نئی سرزمین کی طرف لے جا رہے ہیں

ایلیاہ کا زمانہ — جب اسرائیل گمراہی کے اندھیرے میں تھا

🔹1-سلاطین 18باب17-18
اور جب اخی اب نے ایلیاہ کو دیکھا تو اُس نے اُس سے کہا اے اسرائیل کے ستانے والے کیا تُو ہی ہے ؟اُس نے جواب دیا میں نے اسرائیل کو نہیں ستایا بلکہ تُو اور تیرے باپ کے گھرانے نے کیونکہ تُم نے خُداوند کے حکموں کو ترک کیا اور تُو بعلیم کا پرو ہو گیا ۔

🔹 اسرائیل کی روحانی حالت
گمراہی، منافقت، اور جھوٹے خدا
بادشاہ اخی اب نے ایزبل (غیر قوم کی عورت) سے شادی کی
ایزبل نے بعلی پرستی کو فروغ دیا
خُدا کے انبیاء کو قتل کر دیا گیا
450 بعلی نبیوں اور 400 یسیرت کے نبیوں نے قوم کو اندھیرے میں رکھا
1-سلاطین 18:4
"ایزبل نے خُداوند کے نبیوں کو قتل کیا۔۔۔"
یہ مکمل طور پر روحانی تاریکی کا دَور تھا — خُدا کا کلام ناپید، سچائی مفقود، اور قوم دو راہوں پر کھڑی تھی۔

🔹 مگر خُدا نے ایک نبی کو روشنی بنا کر بھیجا
1-سلاطین 17:1
اور ایلیاہ تشبی جو جلعاد کے پردیسیوں میں سے تھا اخی اب سے کہا کہ خُداوند اسرائیل کے خُدا کی حیات کی قسم جسکے سامنے میں کھڑا ہوں اِن برسوں میں نہ اوس پڑے گی نہ مینہ برسیگا جب تک میں نہ کہوں ۔
ایلیاہ نے قحط کی پیش گوئی کی
اُسے خُدا نے پہچان دی، معجزات دیے، اور وقت پر واپس لایا

اُس نے قوم کو فیصلہ کرنے پر مجبور کیا
1-سلاطین 18:21
اور ایلیاہ سب لوگوں کے نزدیک آکر کہنے لگا تُم کب تک دو خیالوں میں ڈانواڈول رہو گے ؟ اگر خُداوند ہی خُدا ہے تو اُسکے پیرو ہو جاو اور اگر بعل ہے تو اُسکی پیروی کرو ۔ پر اُن لوگوں نے اُسے ایک حرف جواب نہ دیا ۔

🔹کرمل پہاڑ پر خُدا کی روشنی کا ظہور
450 جھوٹے نبی چیختے رہے، کاٹتے رہے، مگر بعل نے جواب نہ دیا
ایلیاہ نے قربان گاہ کی مرمت کی
خُدا نے آسمان سے آگ نازل کی — جو روشنی کا نشان تھی
1-سلاطین 18باب38-39
تب خُداوند کی آگ نازل ہوئی اور اُس نے اُس سوختنی قُربانی کو لکڑیوں اور پتھروں اور مٹی سمیت بھسم کر دیا اور اُس پانی کو جو کھائی میں تھا چاٹ لیا ۔جب سب لوگوں نے یہ دیکھا تو منہ کے بل گرے اور کہنے لگے خُداوند وہی خدا ہے ! خُداوند وہی خُدا ہے !۔

🔹 برینہم بھائی کی تعلیم
ایلیاہ کے وقت، قوم نے بعل کی پرستش اختیار کی، جیسے آج دنیا نے نظام اور جھوٹی عبادتوں کو اپنایا ہے۔ لیکن خُدا نے ایک نبی کو اُٹھایا، اور وہ روشنی بن کر آیا۔۔۔ اُس نے نہ صرف سچائی کی منادی کی، بلکہ خُدا کی قدرت سے آگ بھی نازل کی!
(William Branham, "Showdown on Mount Carmel")
آج بھی ویسا ہی اندھیرا ہے — اور خُدا نے آخری زمانے میں ایک ایلیاہ پھر بھیجا ہے۔

🔹 روحانی اطلاق: روشنی نبی کے ساتھ ہوتی ہے
ملاکی 4باب5-6
تم میرے بندہ موسی کی شریعت یعنی ان فرائض و احکام کو جو میں نے حورب پر تمام بنی اسرائیل کے لے فرماے یاد رکھو۔دیکھو خداوند کے بزرگ اور ہولناک دن کے آنے سے پیشتر میں ایلیاہ نبی کو تمہارے پاس بھیجوں گا۔
ایلیاہ صرف تاریخ کی شخصیت نہیں
وہ آنے والے وقت کی پیشن گوئی بھی ہے
آج کا ایلیاہ — برینہم بھائی کا پیغام — وہی روشنی ہے جو کرمل کے دَور میں ظاہر ہوئی تھی

🔹 دُلہن کے لیے پیغام
متی 17:11
اُس نے جواب میں کہا ایلِیاہ البتہ آئے گا اور سب کُچھ بحال کرئے گا۔
جیسے ایلیاہ نے
قربان گاہ مرمت کی
قوم کو سچائی کی طرف بلایا
اور خُدا کے کلام کو دوبارہ بحال کیا
ویسے ہی آخری زمانے میں بھی ایلیاہ کا روحانی کام مکمل ہو چکا ہے — دُلہن کو روشنی میں بلایا جا رہا ہے۔

🔚 خلاصہ
جب قوم اندھیرے میں تھی، خُدا نے ایلیاہ کو روشنی بنا کر بھیجا
خُدا نے جھوٹے نبیوں کے اندھیرے میں سچائی ظاہر کی
آج بھی خُدا کے نبی کا پیغام آخری زمانے کے "کرمل" پر پکار رہا ہے
"اگر خُدا ہی خُدا ہے تو اُس کی پیروی کرو!

یسعیاہ کی نبوت — جو تاریکی میں بیٹھے تھے، اُن پر روشنی چمکی

🔹یسعیاہ 9:2
جو لوگ تاریکی میں چلتے تھےانہوں نے بڑی روشنی دیکھی ۔ جو موت کے سایہ کے ملک میں رہتے تھے ان پر نور چمکا۔
🔹 پس منظر: قوم کی روحانی زوال کی حالت
یسعیاہ نبی کی خدمت اُس وقت ہو رہی تھی جب
بنی اسرائیل بت پرستی اور بغاوت میں مبتلا تھے
ملک پر غیر قوموں کا دباؤ تھا
لوگوں کے دل سخت ہو چکے تھے
روحانی اور اخلاقی اندھیرا غالب تھا
یسعیاہ 1:4
آہ خطا کار گروہ۔ بد کرداری سے لدی ہوئی قوم۔ بدکرداروں کی نسل مکار اولاد جنہوں نے خداوند کو ترک کیا اِسرائیل کے قُدوس کو حقیر جانا اورگمراہ برگشتہ ہو گئے۔

🔹 لیکن خُدا نے امید دی — روشنی کی نبوت
یسعیاہ 9باب1-2
لیکن اندوہگین کی تیرگی جاتی رہیگی۔ اُس نے قدیم زمانے میں زبولون اورنفتالی کے علاقوں کو ذلیل کیا پر آخری زمانہ میں قوموں کے گلیل میں دریا کی سمت یردن کے پاربزرگی دیگا۔ جو لوگ تاریکی میں چلتے تھےانہوں نے بڑی روشنی دیکھی ۔ جو موت کے سایہ کے ملک میں رہتے تھے ان پر نور چمکا۔
یہ روشنی
صرف فزیکل لائٹ نہیں
بلکہ نجات، سچائی، اور خُدا کی حضوری کی علامت ہے
یہ نبوت تھی اُس شخصی روشنی کی جو آنے والی تھی
یسعیاہ 9:6
اس لیے ہمارے لیے ایک لڑکا تولد ہوا اور ہم کو ایک بیٹابخشا گیا اور سلطنت اُسکے کندھے پر ہو گی اور اُس کا نام عجیب مشیرخدائے قادر ابدیت کا باپ سلامتی کا شہزادہ ہو گا۔

🔹 یہ نبوت مسیح میں پوری ہوئی
متی 4باب15-16 (یسعیاہ 9 کی تکمیل)
زبُولُون کا علاقہ اور نفتالی کا علاقہ دریا کی راہ یَردَن کے پار غَیر قَوموں کی گلیل۔ یعنی جو لوگ اَندھیرے میں بَیٹھے تھے اُنہوں نے بڑی روشنی دیکھی اور جو مَوت کے مُلک اور سایہ میں بَیٹھے تھے اُن پر روشنی چمکی۔
یوحنا 1باب4-5, 9
اس میں زِندگی تھی اور وہ زِندگی آدمِیوں کا نُور تھی۔ اور نُور تارِیکی میں چمکتا ہے اور تارِیکی نے اُسے قُبُول نہ کِیا۔
9 حقیقی نُور جو ہر ایک آدمِی کو روشن کرتا ہے دُنیا میں آنے کو تھا۔
یسوع مسیح وہ روشنی ہے جو یسعیاہ نے پیش گوئی کی تھی — جو اندھیرے دلوں، گمراہ ذہنوں، اور بے راہ زندگیوں کو روشن کرنے کے لیے آیا۔

🔹 بھائی برینہم کی تعلیم
"یسعیاہ نے کہا کہ لوگ اندھیرے میں چلتے تھے، مگر اُن پر روشنی چمکی۔ یہ یسوع کی آمد کا بیان تھا۔ لیکن اُس وقت کے فریسی اور سردار کہانت اُس روشنی کو پہچان نہ سکے۔ آج بھی روشنی آئی ہے — اور دنیا اندھیری ہی ہے کیونکہ اُس نے اُسے قبول نہیں کیا۔
(William Branham, "Shalom")
روشنی ہمیشہ تاریکی سے پہلے آتی ہے۔ نبی ہمیشہ اُس وقت آتا ہے جب دنیا گناہ کے اندھیرے میں ہو — تاکہ خُدا کی سچائی کو ظاہر کرے۔"

🔹 روحانی اطلاق: روشنی ہمیشہ پہلے آتی ہے
یوحنا 3باب19-21
اور سزا کے حُکم کا سبب یہ ہے کہ نُور دُنیا میں آیا ہے اور آدمِیوں نے تاِریکی کو نُور سے زیادہ پسند کِیا۔ اِس لِئے کہ اُن کے کام بُرے تھے۔ کِیُونکہ جو کوئی بدی کرتا ہے وہ نُور سے دُشمنی رکھتا ہے اور نُور کے پاس نہِیں آتا۔ اَیسا نہ ہو کہ اُس کے کاموں پر ملامت کی جائے۔مگر جو سَچّائی پر عمل کرتا ہے وہ نُور کے پاس آتا ہے تاکہ اُس کے کام ظاہِر ہوں کہ وہ خُدا میں کئِے گئے ہیں۔
افسیوں 5:8
کِیُونکہ تُم پہلے تارِیکی تھے مگر اَب خُداوند میں نُور ہو۔ پَس نُور کے فرزندوں کی طرح چلو۔
خُدا کی روشنی اُن پر چمکتی ہے جو اُس کے کلام کو قبول کرتے ہیں۔ آج بھی — پیغام کی روشنی یسعیاہ کی اُس نبوت کی توسیع ہے۔

🔹 دُلہن کے لیے پیغام
زکریا 14:7
"اور شام کے وقت روشنی ہوگی۔
2-پطرس 1:19
"اور ہمارے پاس نبوت کا زیادہ معتبر کلام ہے۔۔۔ جب تک دِن نہ نکلے اور صبح کا ستارہ تمہارے دلوں میں طلوع نہ ہو، تم اُس پر دھیان دو۔
آج دُلہن کے دل میں "صبح کا ستارہ" طلوع ہو چکا ہے — خُدا کی آخری روشنی۔

🔚 خلاصہ
یسعیاہ نے اندھیرے کے بیچ روشنی کی پیش گوئی کی
یہ روشنی مسیح میں ظاہر ہوئی
🔹اور آج یہ روشنی دُلہن میں چمک رہی ہے — پیغامِ وقت کے ذریعے

یسوع — وہ نور جو تاریکی میں چمکا

یوحنا 8:12
یِسُوع نے پِھر اُن سے مُخاطِب ہو کر کہا دُنیا کا نُور مَیں ہُوں۔ جو میری پَیروی کرے گا وہ اَندھیرے میں نہ چلے گا بلکہ زِندگی کا نُور پائے گا۔

🔹 پرانی نبوتوں کی تکمیل
یسعیاہ 9:2 — جو لوگ تاریکی میں چلتے تھے انہوں نے بڑی روشنی دیکھی
ملاکی 4:2 — لیکن تم پر جو میرے نام کی تعظیم کرتے ہو آفتاب صداقت طالع ہو گااور اس کی کرنوں میں شفا ہوگی اور تم گاوخانہ کے بچھڑوں کی طرح کودو پھاندو گے۔
یسوع مسیح وہی "صداقت کا سورج" اور "زندگی کی روشنی" ہے۔
یوحنا 1باب4-9
اُس میں زِندگی تھی اور وہ زِندگی آدمِیوں کا نُور تھی۔ اور نُور تارِیکی میں چمکتا ہے اور تارِیکی نے اُسے قُبُول نہ کِیا۔
حقیقی نُور جو ہر ایک آدمِی کو روشن کرتا ہے دُنیا میں آنے کو تھا۔

🔹 تاریکی میں دنیا، روشنی میں مسیح
جب یسوع آیا
قومِ اسرائیل رومی غلامی میں تھی
مذہب ظاہری رسموں میں قید تھا
شریعت کا بوجھ، فریسیوں کی ریاکاری، اور سیاسی اندھیرا چھایا ہوا تھا
اور تب یسوع نے فرمایا
یوحنا 12:46
مَیں نُور ہو کر دُنیا میں آیا ہُوں تاکہ جو کوئی مُجھ پر اِیمان لائے اَندھیرے میں نہ رہے۔

🔹 روشنی سے انکار = روحانی اندھیرا
یوحنا 3باب19-20
اور سزا کے حُکم کا سبب یہ ہے کہ نُور دُنیا میں آیا ہے اور آدمِیوں نے تاِریکی کو نُور سے زیادہ پسند کِیا۔ اِس لِئے کہ اُن کے کام بُرے تھے۔ کِیُونکہ جو کوئی بدی کرتا ہے وہ نُور سے دُشمنی رکھتا ہے اور نُور کے پاس نہِیں آتا۔ اَیسا نہ ہو کہ اُس کے کاموں پر ملامت کی جائے۔
یہی وجہ ہے کہ فریسی، سردار کاہن، اور رومی حکام یسوع کو برداشت نہ کر سکے — کیونکہ وہ اُن کی تاریکی کو ظاہر کر رہا تھا۔

🔹 روشنی اُن کے لیے جو اُسے قبول کریں
یوحنا 12باب:35-36
پَس یُِسوع نے اُن سے کہا کہ اور تھوڑی دیر تک نُور تُمہارے درمیان ہے۔ جب تک نُور تُمہارے ساتھ ہے چلے چلو۔ اَیسا نہ ہو کہ تاریکی تُمہیں آپکڑے اور جو تاریکی چلتا ہے وہ نہِیں جانتا کہ کِدھر جاتا ہے۔ جب تک نُور تُمہارے ساتھ ہے نُور پر اِیمان لاؤ تاکہ نُور کے فرزند بنو۔ یِسُوع یہ باتیں کہہ کر چلا گیا اور اُن سے اپنے آپ کو چھپایا۔
افسیوں 5باب13-14
اور جِن چِیزوں پر ملامت ہوتی ہے وہ سب نُور سے ظاہِر ہوتی ہیں کِیُونکہ جو کُچھ ظاہِر کِیا جاتا ہے وہ روشن ہو جاتا ہے۔ اِس لِئے وہ فرماتا ہے اَے سونے والے! جاگ اور مُردوں میں سے جی اُٹھ تو مسِیح کا نُور تُجھ پر چمکے گا۔

🔹 بھائی برینہم کی تعلیم
"یسوع صرف ناصرت کا بڑھئی نہ تھا — وہ خدا کا مجسم کلام تھا۔ وہ روشنی تھا جو خُدا کی مرضی کو ظاہر کر رہا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ تاریکی کے لوگ اُس سے نفرت کرتے تھے۔
(William Branham, "The Light Has Come")
جیسے خُدا نے موسیٰ، ایلیاہ، اور یسعیاہ کے وقت روشنی بھیجی، ویسے ہی اُس نے یسوع میں روشنی کو مکمل طور پر ظاہر کیا۔ اور آج آخری دُلہن کے لیے پھر وہی روشنی بھیج رہا ہے — پیغام کی شکل میں۔

🔹 آج کے لیے اطلاق
یسوع نے دنیا کے لیے روشنی بن کر آ کر نجات کا دروازہ کھولا
جو اُسے رد کرتے ہیں، وہ تاریکی میں رہتے ہیں
جو اُسے قبول کرتے ہیں، وہ روشنی کے فرزند کہلاتے ہیں
1-تھسلنیکیوں 5:5
کِیُونکہ تُم سب نُور کے فرزند اور دِن کے فرزند ہو۔ ہم نہ رات کے ہیں نہ تارِیکی کے۔

🔚 خلاصہ
یسوع مسیح خُدا کا مجسم نور ہے
اُس نے تاریکی میں چھپی دنیا کو سچائی، محبت، نجات اور زندگی کی روشنی دکھائی
آج بھی وہ روشنی کلام اور روح القدس کے ذریعے دُلہن کے دلوں میں چمک رہی ہے

آخری زمانہ — روشنی اور تاریکی کی آخری جدائی

🔹1-تھسلنیکیوں 5:5
کِیُونکہ تُم سب نُور کے فرزند اور دِن کے فرزند ہو۔ ہم نہ رات کے ہیں نہ تارِیکی کے۔
یسعیا 60:2
کیونکہ دیکھ تاریکی زمین پر چھا جائے گی اور تیرگی اُمتوں پر لیکن خداوند تجھ پر طالع ہو گیا اور اُس کا جلال تجھ پر نمایاں ہو گا۔

🔹آخری زمانے کی تاریکی: نشانیاں
یسوع نے خود کہا
متی 24:12
اور بےدِینی کے بڑھ جانے سے بہُتیروں کی محبّت ٹھنڈی پڑ جائے گی۔
جھوٹے نبی، جھوٹے مسیح (متی 24باب5, 11)
بدکاری، لالچ، مذہبی منافقت
سچائی کی تردید، روحانی گمراہی، عالمی بے راہ روی
دنیا میں نہ صرف اخلاقی اندھیرا بلکہ مذہبی اندھیرا بھی چھا چکا ہے — چرچز میں روشنی کی بجائے انسان کی رائے، فرقہ واریت اور ناپاکی ہے۔

🔹 مگر خُدا پھر روشنی بھیجتا ہے
زکریا 14:7
لیکن شام کے وقت روشنی ہو گی۔
ملاکی 4باب5-6
دیکھو خداوند کے بزرگ اور ہولناک دن کے آنے سے پیشتر میں ایلیاہ نبی کو تمہارے پاس بھیجوں گا۔
یہ نبوت آخری زمانے میں ولیم برینہم کے ذریعے پوری ہوئی — جنہوں نے خدا کے کلام کو "دُلہن" کے لیے بحال کیا۔

🔹 دُلہن کے لیے روشنی — دنیا کے لیے اندھیرا
مکاشفہ 3:17
اور چُونکہ تُو کہتا ہے کہ مَیں دَولتمند ہُوں اور مالدار بن گیا ہُوں اور کِسی چِیز کا محتاج نہِیں اور یہ نہِیں جانتا کہ تُو کمبخت اور خوار اور غرِیب اور اَندھا اور ننگا ہے۔
لودیکیہ دور — موجودہ کلیسیائی دَور — اندھیرے کا دور ہے۔
مگر دُلہن کے پاس چرچ ایج ختم ہونے کے بعد ایک روشنی آئی
ایک پیغام
ایک نبی
کلام کی مکمل بحالی

مکاشفہ 18:4
پھِر مَیں نے آسمان میں کِسی اَور کو یہ کہتے سُنا کہ اَے میری اُمّت کے لوگو! اُس میں سے نِکل آؤ تاکہ تُم اُس کے گُناہوں میں شرِیک نہ ہو اور اُس کی آفتوں میں سے کوئی تُم پر نہ آ جائے۔

🔹بھائی برینہم کی تعلیم
"یہ تاریکی کی گھڑی ہے — اخلاقی، سیاسی، مذہبی ہر لحاظ سے۔ مگر دُلہن کے پاس روشنی ہے ۔ یہ پیغام اُس کا ستونِ نور ہے!"
(William Branham, "Modern Events Made Clear by Prophecy")
خُدا اب بھی روشنی اور تاریکی کو جدا کر رہا ہے۔ جو کلام کی روشنی میں آتا ہے، وہ دُلہن ہے؛ جو نہیں، وہ اندھیرے میں ہی رہے گا۔

🔹 روحانی اطلاق
دنیا تاریکی میں۔۔۔دُلہن روشنی میں
دنیا مذہبی رسمیں۔۔۔دُلہن کلام کی حقیقت
دنیا مردہ ایمان۔۔۔دُلہن زندہ کلام
دنیا مذہب۔۔۔دُلہن مکاشفہ

یوحنا 17:17
اُنہِیں سَچّائی کے وسِیلہ سے مُقدّس کر۔ تیرا کلام سَچّائی ہے۔

🔹 فیصلہ کن گھڑی
یوحنا 3:19
اور سزا کے حُکم کا سبب یہ ہے کہ نُور دُنیا میں آیا ہے اور آدمِیوں نے تاِریکی کو نُور سے زیادہ پسند کِیا۔ اِس لِئے کہ اُن کے کام بُرے تھے۔

یہ آخری چُناؤ ہے — تاریکی یا روشنی؟

🔚 خلاصہ
خُدا نے آخری زمانے میں روشنی بھیجی — پیغامِ وقت کی صورت میں
دنیا تاریکی میں ہے، دُلہن روشنی میںط خُدا اب بھی جدا کر رہا ہے — حتمی، ابدی، ناقابل واپسی جدائی

اختتامیہ

تخلیق سے لے کر مصر، نوح، اور سدوم تک — ہر دور نے ایک حقیقت کو بے نقاب کیا ہے: خُدا تاریکی میں اپنے لوگوں کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑتا۔
جب دنیا اندھیرے میں ڈوبتی ہے، وہ ایک راہ دکھاتا ہے؛ جب قومیں بھٹکتی ہیں، وہ اپنے نبی کو بھیجتا ہے؛ جب قہر آتا ہے، وہ روشنی کے ذریعے راستبازی کے وارثوں کو باہر نکالتا ہے۔
یہ سب صرف تاریخ نہیں، بلکہ ایک روحانی اصول ہے —
خُدا روشنی اور تاریکی کو جدا کرتا ہے!

اور سوال یہ ہے
❓ کیا یہ جدائی آج بھی جاری ہے؟
❓ کیا آج بھی خُدا کے لوگ تاریکی سے الگ کیے جا رہے ہیں؟
❓ کیا واقعی دُلہن کے خیموں میں روشنی ہے — جب دنیا گہری رات میں جا چکی ہے؟

انتظار کیجیے — جلد آ رہا ہے حصہ سوئم! ان سوالوں کا جواب اور آج کے دَور کی حیران کن سچائی جاننے کے لیے پڑھیے
🔜 "حصہ سوئم — دُلہن کے خیموں میں روشنی: آج کی حقیقت"

شیئر کریں، اور دُعا میں یاد رکھیں — تاکہ آپ اگلا حصہ مِس نہ کریں!

2 thoughts on “God Who Separates Light from Darkness- Part Two”

Leave a Comment